گاڑیوں کی مجموعی فروخت میں 43 فیصد اضافہ ریکارڈ
8ماہ میں ایک لاکھ 28 ہزار 498 یونٹس فروخت،ماہانہ 26فیصدکمی رہی
کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی)آٹو موبائل شعبے میں مجموعی طور پر بحالی کے آثار سامنے آ رہے ہیں تاہم ماہانہ بنیاد پر فروخت میں اتار چڑھاؤ بدستور جاری ہے ۔پاماکے مطابق رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران گاڑیوں کی فروخت 43 فیصد اضافے کے ساتھ1 لاکھ 28 ہزار 498 یونٹس تک پہنچ گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں نمایاں بہتری کو ظاہر کرتی ہے ،تاہم ماہانہ بنیاد پر فروری 2026 میں گاڑیوں کی فروخت کم ہو کر17 ہزار 121 یونٹس رہی، جو ایک ماہ قبل کے مقابلے میں تقریباً 26 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
فروری میں موٹر سائیکلوں اور رکشوں سمیت دو اور تین پہیوں والے یونٹس کی فروخت ایک لاکھ 59 ہزار 512 یونٹس تک پہنچ گئی جو 24 فیصد زیادہ ہے ، تاہم ماہانہ بنیاد پر اس شعبے میں 12 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ پہلے آٹھ ماہ میں دو اور تین پہیوں والے یونٹس کی مجموعی فروخت 31 فیصد اضافے سے 12 لاکھ 65 ہزار 61 یونٹس تک پہنچ گئی ۔ سابق چیئرمین پاما مشہود علی خان نے دنیا نیوز کو بتایا کہ شرح سود میں کمی، معاشی سرگرمیوں میں بہتری اور جدید ٹیکنالوجی آٹو سیکٹر میں مجموعی طور پر مسلسل بحالی کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں۔