تولہ سونا 87سو ، چاندی کی قیمت 310روپے مزید گرگئی
فی تولہ سونا 5لاکھ 24ہزار 562، چاندی کی قیمت 8ہزار 541روپے ہوگئی
کراچی (کامرس رپورٹر)ملک میں مسلسل تیسرے روز سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 8ہزار 700 روپے کی کمی ہوئی، جسکے بعد اس کی نئی قیمت5 لاکھ 24 ہزار 562روپے ہو گئی۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 7ہزار 459 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 49 ہزار 727 روپے کی سطح پر آ گئی، اعداد و شمار کے مطابق تین روز کے دوران مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی مجموعی قیمت میں تقریباً 18 ہزار 700روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی بنیادی وجہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں آنے والی کمی اور سرمایہ کاروں کی محتاط حکمت عملی کو قرار دیا جا رہا ہے ۔ دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی، مقامی مارکیٹ میں 24قیراط فی تولہ چاندی 310 روپے سستی ہو کر 8 ہزار 541 روپے پر آ گئی ہے ، جس سے زیورات اور دھاتی سرمایہ کاری کی مارکیٹ پر بھی اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے ۔ عالمی مالیاتی منڈیوں میں ڈالر کی مضبوطی، سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کی وصولی اور عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال کو سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی اہم وجوہات ہیں، ماہرین کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید ردوبدل دیکھنے میں آسکتا ہے۔