اسٹاک ایکسچینج میں مندی،100انڈیکس 293پوائنٹس گنوابیٹھا
فروخت کا دباؤ ،کے ایس ای 100انڈیکس1لاکھ 65ہزار517پوائنٹس پر بند
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی کے ایک روز بعد جمعرات کو فروخت کا دباؤ غالب آگیا۔کے ایس ای 100انڈیکس میں 290سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100انڈیکس دن کی بلند ترین سطح 166,962 پوائنٹس پرپہنچا جبکہ ایک موقع پر انڈیکس 161,993 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک گرگیا۔کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس293.50 پوائنٹس کی کمی سے 165,517 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 151پوائنٹس کی کمی سے 50,169اورآل شیئرزانڈیکس 241پوائنٹس کی کمی سے 98,448پوائنٹس پر بند ہوا۔بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے اپنی پوسٹ مارکیٹ رپورٹ میں کہا ہے کہ انڈیکس پر منفی دباؤ بنیادی طور پر انڈیکس ہیوی اسٹاکس کی وجہ سے پڑا جن میں بی اے ایچ ایل، ماری، حبکو، ایف ایف سی اور ایم سی شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 489 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 162 کمپنیوں کے شیئرزکی قیمتوں میں اضافہ، 290 میں کمی اور 37 کے شیئرز میں استحکام رہا۔