گاڑیوں کی مجموعی فروخت میں 43فیصد اضافہ ریکارڈ
جولائی تا مارچ 1لاکھ 44ہزار 29گاڑیاں فروخت ہوئیں،رپورٹ
کراچی(بزنس رپورٹر)آٹو سیکٹر نے رواں مالی سال نمایاں بحالی کا رجحان دکھایا جس کے تحت گاڑیوں کی مجموعی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 43 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا مارچ ملک بھر میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 44 ہزار 29 گاڑیاں فروخت ہوئیں، اسی عرصے میں آٹو انڈسٹری کے دیگر شعبوں میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا۔ مارچ 2025 کے مقابلے میں مارچ 2026 کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں 50 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مارچ 2026 میں 15 ہزار 531 یونٹس فروخت ہوئے تاہم فروری 2026 کے مقابلے میں مارچ 2026 میں فروخت میں 9 فیصد ماہانہ کمی بھی دیکھی گئی۔ دوسری جانب کمرشل وہیکلز کے شعبے میں ٹرکوں کی فروخت میں جولائی تامارچ 82 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور مجموعی فروخت 2 ہزار 823 یونٹس رہی، اسی طرح بسوں کی فروخت میں 33 فیصد اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 542 یونٹس تک پہنچ گئی۔