ستارہ پٹرولیم کاآئی پی او کے ذریعے 4.8ارب جمع کرنے کا اعلان
بک بلڈنگ کا آغاز 13.50روپے فی حصص سے ہوگا،عارف حبیب کنسلٹنٹ مقرر
کراچی(بزنس ڈیسک)ستارہ پٹرولیم سروس لمیٹڈ نے آئی پی او کے ذریعے 4.8ارب روپے حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ سرمایہ فیول ریٹیل نیٹ ورک، لاجسٹکس آپریشنزاور اسٹوریج انفرااسٹرکچر کی توسیع پر خرچ کیا جائے گا۔ کمپنی 279.9ملین آرڈینری شیئرز کی پیشکش کررہی ہے جو آئی پی او کے بعد اداشدہ سرمائے کا 16.66فیصدہیں۔ ان میں سے 111.9 ملین شیئرز پہلے ہی پری آئی پی او ٹرانزیکشن کے ذریعے الاٹ کیے جاچکے ہیں اور 168ملین شیئرزپبلک کیلئے پیش کیے جارہے ہیں۔ بک بلڈنگ کا آغاز 13.50روپے فی حصص سے کیا جائے گا ،سرمایہ کاروں کی دلچسپی کی بنیاد پر حصص کی اسٹرائک پرائس 40فیصد اضافہ کے ساتھ18.90روپے فی شیئر تک بڑھ سکتی ہے ۔ بک بلڈنگ 4اور 5مئی کوجبکہ جنرل پبلک سبسکرپشن کا انعقاد 11اور 12مئی کو ہوگا۔ عارف حبیب لمیٹڈ کو کنسلٹنٹ او ر بک رنرمقررکیاگیاہے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ظہیر بیگ نے کہاکہ آئی پی او کمپنی کو ایک مربوط اور جامع کاروباری ماڈل کی جانب منتقل کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔