یوبی ایل:اینگرو فرٹیلائزر کیلئے 25 ارب کا غیر محفوظ صکوک ترتیب
تاریخی مالیاتی لین دین ملکی اسلامی کیپٹل مارکیٹس میں ایک اور اہم سنگِ میل
کراچی (بزنس ڈیسک)یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ نے مینڈیٹڈ لیڈ ایڈوائزر اور ارینجر کے طور پر اینگرو فرٹیلائزرز لمیٹڈ کے لیے 25 ارب مالیت کے پاکستان کے سب سے بڑے قلیل مدتی، ریٹنگ یافتہ، غیر محفوظ اور نجی طور پر جاری کیے گئے صکوک کا کامیاب انتظام کیا ہے ۔ یہ تاریخی مالیاتی لین دین پاکستان کی اسلامی کیپٹل مارکیٹس میں ایک اور اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ اینگرو گروپ کی ڈیوڈار خریداری کیلئے پاکستان کے نجی شعبے کی سب سے بڑی اسلامی فنانسنگ ٹرانزیکشنز میں سے ایک کی کامیاب تکمیل کے بعد، یوبی ایل نے ایک مرتبہ پھر اینگرو گروپ کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے مارکیٹ میں نمایاں اسلامی مالیاتی حل فراہم کیا۔ صکوک کے کامیاب اجرا کی یادگار کے طور پر اینگرو کے دفتر میں تقریب ہوئی، جس میں اینگرو گروپ اور یوبی ایل کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب میں اینگرو ہولڈنگز کے گروپ چیف فنانشل آفیسر فاروق برکت علی، چیف فنانشل آفیسر محمد عمران خلیل، یو بی ایل کی گروپ ایگزیکٹو کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ گروپ نادیہ تبسم، ہیڈ آف انویسٹمنٹ بینکنگ مشعل قادری اور دونوں اداروں کی متعلقہ ٹیموں کے ارکان نے شرکت کی۔ یہ صکوک نان بینک مارکیٹ میں پیش کیے گئے۔ سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت اینگرو فرٹیلائزرز لمیٹڈ کی مضبوط کریڈٹ کوالٹی اور یو بی ایل کی کیپٹل مارکیٹ ٹرانزیکشنز کی ساخت سازی اور کامیاب تکمیل میں مہارت پر اعتماد کا مظہر ہے۔