وفاقی بجٹ ترقی پرمبنی روڈ میپ، سرپرست یونائیٹڈ بزنس گروپ
اس کی مراعات معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کریں گی، ایس ایم تنویر ٹیکس رعایتیں، سپر ٹیکس کاخاتمہ، دکانداروں کیلئے نیا نظام لانے کاخیر مقدم
کراچی(کامرس رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ اور ایف پی سی سی آئی کے رہنما ایس ایم تنویر نے وفاقی بجٹ کو ترقی پر مبنی روڈ میپ قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس کی مراعات معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کریں گی، بیان میں انہوں نے کلیدی مالیاتی اقدامات کا خیرمقدم کیا، جن میں ٹیکس رعایتیں متعارف کرانااور برآمد کنندگان پرسپرٹیکس کاخاتمہ، رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر ٹیکسوں میں 50 فیصد کمی، دکانداروں کیلئے مقررہ ٹیکس نظام اور تنخواہ دار طبقے کیلئے ٹیکس میں ریلیف شامل ہیں، انکے مطابق کاروباری برادری معیشت کو استحکام سے فعال ترقی کی طرف منتقل کرنے کیلئے ٹیکسوں میں کمی کا مسلسل مطالبہ کرتی رہی ہے ، انہوں نے دفاعی بجٹ میں اضافے کا بھی خیر مقدم کیا، قومی دفاع میں کردار ادا کرنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کی تعریف کی اور اسلام آباد امن مذاکرات میں آرمی چیف اور وزیر اعظم شہباز شریف کی مشترکہ کوششوں کو سراہا، رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو بحال کرنے کے مقصد سے ٹیکس ریلیف کے بارے میں ایس ایم تنویر نے کہا کہ وہ گزشتہ ایک سال سے ان اقدامات کے لیے فعال طور پر وکالت کر رہے تھے ، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رئیل اسٹیٹ انڈسٹری میں تقریباً 80 کے قریب منسلک صنعتوں میں ترقی کو متحرک کرنے کی صلاحیت ہے ، جس سے ملکی اقتصادی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے وسیع تر قومی مفاد میں متوازن، ترقی پر مبنی بجٹ پیش کرنے پر پوری اقتصادی ٹیم کو مبارکباد دی۔