رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات کاخیر مقدم

رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات کاخیر مقدم

حکومتی اقدامات ناکافی، مگرٹیکس ریلیف، سبسڈی سے سرگرمیاں بہتر، چیئرمین آباد اپنا گھر اسکیم کیلئے 71ارب مختص کرنے کا فیصلہ بھی اہم پیشرفت ہے ، حسن بخشی

کراچی (بزنس ڈیسک)رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز نے بجٹ میں حکومت کی جانب سے جائیداد سے متعلق معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے متعارف کرائے گئے اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے ۔ ان اہم اقدامات میں پراپرٹی لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی، وزیرِ اعظم اپنا گھر اسکیم کے لیے خطیر فنڈز کی فراہمی اور پائیدار شہری ترقی کے پروگرام کا آغاز شامل ہے ۔ آباد کے چیئرمین حسن بخشی کا بجٹ میں تعمیراتی شعبے کو دی جانے والی مراعات پر کہنا تھا کہ حکومت نے اس وقت جو اقدامات کئے ہیں وہ ناکافی ہیں۔ مگر ٹیکس میں ریلیف اور ہاؤسنگ سبسڈیز تعمیراتی شعبے میں معاشی سرگرمیوں کو تیز کریں گی اور مجموعی اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور سیمنٹ، اسٹیل، پینٹ، ٹائلز، ہارڈویئر، لکڑی اور ٹرانسپورٹ سمیت متعدد متعلقہ شعبوں کی ترقی کا ذریعہ بنتی ہے ۔ حسن بخشی نے وزیرِ اعظم اپنا گھر اسکیم کیلئے 71 ارب روپے مختص کرنے کے فیصلے کو بھی سراہتے ہوئے اسے ملک میں رہائشی ضروریات پوری کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔ ٹرائی اسٹار انٹرنیشنل کنسلٹنٹس کے چیئرمین ابراہیم امین نے پائیدار شہری ترقی پروگرام کے تحت ایک لاکھ 50 ہزار کم لاگت گھروں کی تعمیر کے لیے 54 ارب روپے مختص کرنے کے حکومتی فیصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ 10 شہروں کے لیے ڈیجیٹل ماسٹر پلانز تیار کرنے کی تجویز ایک دور اندیش اقدام ہے ۔ جو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی غیر منصوبہ بند توسیع کی حوصلہ شکنی کرے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں