حکومت کوجامشورو پاور پلانٹ قبل ازوقت ریٹائر کرنے کا مشورہ

حکومت کوجامشورو پاور پلانٹ قبل ازوقت ریٹائر کرنے کا مشورہ

انڈس کلائمیٹ، ماحولیاتی ماہرین کاغور پرزور، قابل تجدید توانائی میں تبدیل کیا جائے کارکنوں کا روزگار بچانے کیلئے شمسی، ہوا، توانائی ذخیرہ کرنیوالی ٹیکنالوجیز کااستعمال ممکن

کراچی (کامرس رپورٹر)انڈس کلائمیٹ فورم اورماحولیاتی ماہرین نے سندھ حکومت پر زور دیا کہ وہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ ملکر جامشورو کول پاور پلانٹ کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ اور اسے قابلِ تجدید توانائی کے منصوبے میں تبدیل کرنے پر سنجیدگی سے غور کرے ، فورم نے مطالبہ کیا کہ توانائی کے اس مجوزہ انتقالی عمل میں مقامی آبادی، سول سوسائٹی اور مزدوروں کو شامل کیا جائے جبکہ متاثرہ کارکنوں کے روزگار کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ شمسی، ہوا اور توانائی ذخیرہ کرنیوالی جدید ٹیکنالوجیز سے متعلق مہارتوں کی تربیت کیلئے بھی سرمایہ کاری کی جائے ، فورم نے سندھ حکومت سے اپیل کی کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے ، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ذرائع معاش کو ترجیح دی جائے ۔فورم کے مطابق دریائے سندھ پر انحصار کرنیوالی آبادیوں کو ماحولیاتی اور سماجی و معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ، فورم نے انڈس ڈیلٹا میں سمندر بردی سے متاثرہ خاندانوں کی امداد، بحالی اور معاوضے کے لیے خصوصی مالیاتی پیکیجز متعارف کرانے کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ لیفٹ بینک آؤٹ فال ڈرین اور رائٹ بینک آؤٹ فال ڈرین جیسے منصوبوں سے متاثر ہونیوالے کسانوں اور دیگر طبقوں کیلئے بھی خصوصی امدادی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، سفارشات میں دریائے سندھ سے منسلک جھیلوں، دلدلی علاقوں اور دریائی ماحولیاتی نظام کی بحالی، آبی ذخائر میں بلدیاتی، صنعتی اور زرعی فضلے کے اخراج کی روک تھام اور کوئلہ کان کنی و تھرمل پاور منصوبوں سے متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی اور نکاسی آب کی سہولیات کی فراہمی پر بھی زور دیا گیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں