نان بینکنگ فنانس کمپنیاں بھی وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کاحصہ

نان بینکنگ فنانس کمپنیاں بھی وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کاحصہ

10 برس کیلئے ایک کروڑ تک قرض مل سکے گا، مائیکرو فنانس کمپنیاں 50 لاکھ کی مجاز

کراچی(کامرس رپورٹر)ہاؤسنگ فنانس کے فروغ اور کم و متوسط آمدنی والے شہریوں کے لیے گھروں کی مالی معاونت کو مزید آسان بنانے کیلئے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی تجویز پر وفاقی حکومت نے نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کو بھی وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کا حصہ بنانے کی منظوری دیدی، اس فیصلے کے بعد ملک میں ہاؤسنگ فنانس تک رسائی مزید وسیع ہونے کی توقع ہے ، خصوصاً ایسے افراد کیلئے جو روایتی بینکنگ نظام سے وابستہ نہیں، ایس ای سی پی کے مطابق نئی منظوری کے تحت نان بینکنگ ہاؤسنگ فنانس اور انویسٹمنٹ فنانس کمپنیاں ایک کروڑ روپے تک کے ہاؤسنگ قرضے فراہم کر سکیں گی، جبکہ مائیکرو فنانس کمپنیاں 50 لاکھ روپے تک قرض دینے کی مجاز ہوں گی۔ اسکیم کے تحت قرض حاصل کرنیوالے افراد کو ابتدائی 10 برس کیلئے صرف 5 فیصد سالانہ شرح منافع پر فنانسنگ کی سہولت دستیاب ہوگی، جس سے اپنے گھر کے خواہشمند ہزاروں خاندانوں کونمایاں ریلیف ملے گا، ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ایسے شہری بھی ہاؤسنگ فنانس حاصل کر سکیں گے جو روایتی بینک اکاؤنٹ نہیں رکھتے یا بینکوں کی سخت شرائط پوری نہیں کر پاتے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں