آرسی ڈی کو بحال اور مزید ممالک کو رکنیت دی جائے ، سید جاوید اقبال
کراچی(بزنس ڈیسک)آر سی ڈی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے سابق صدر سید جاوید اقبال نے پاکستان، ایران اور ترکیہ کی حکومت پر زور دیا ہے کہ علاقائی تعاون برائے ترقی ( آرسی ڈی ) کو دوبارہ بحال کرتے ہوئے بنگلہ دیشن، چین، روس، سعودی عرب، مصر، کویت، قطر، بحرین اور اومان کو تنظیم کا رکن بنایا جائے ۔
آرسی ڈی کی بنیاد پاکستان ، ایران اور ترکی کی طرف سے استنبول میں 21جولائی ، 1964میں رکھی گئی جس کا مقصد علاقائی تعاون اور معاشی ترقی کو فروغ دینا تھا۔جاوید اقبال کے مطابق تبدیل ہوتے ہوئے جیوپولیٹیکل اور معاشی منظرنامے نے علاقائی تعاون اور اشتراک کو پہلے سے زیادہ اہم بنادیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حوالے سے بھارت کے رویے کے باعث سارک تنظیم عملی طور پر غیر موثر ہو چکی ہے اور ایک مربوط علاقائی تنظیم کے طور پر اپنا کردار ادا کرنے سے قاصر ہے ، جس کے پیش نظر آر سی ڈی کی بحالی پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال نے ایک ایسے متبادل علاقائی فریم ورک کی ضرورت کو اجاگر کیا جومشترکہ معاشی اور اسٹریٹجک مفادات کی بنیاد پر تعاون کو فروغ دے سکے ۔ پاکستان،ایران اور ترکیہ کیلئے آرسی ڈی میں نئے رکن شامل کرکے اسے بحال کرنے کیلئے قدم اٹھانے کا یہ بہترین وقت ہے تاکہ یہ تنظیم علاقائی روابط، تجارت اور معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکے ۔