حالیہ بارشیں، روئی کی قیمتوں میں استحکام کے بعد تیزی کارجحان

حالیہ بارشیں، روئی کی قیمتوں میں استحکام کے بعد تیزی کارجحان

چین سے درآمدات پرتشویش، عالمی نمائش میں پاکستانی ٹیکسٹائل کی دھوم،رپورٹ

کراچی(این این آئی)ملک میں حالیہ بارشوں کے بعد مقامی کاٹن مارکیٹ میں روئی کی قیمتوں میں استحکام کے بعد تیزی کا رجحان سامنے آیا، تاہم کپاس کی فصل کو درپیش طویل المدتی چیلنجز، کپاس پیدا کرنیوالے علاقوں میں شوگر ملوں کے بڑھتے قیام، چین سے مبینہ انڈر انوائسنگ کے ذریعے کاٹن یارن اور فیبرک کی درآمدات اور ٹیکسٹائل صنعت پر بڑھتے دباؤ نے متعلقہ حلقوں میں تشویش پیدا کر دی۔ دوسری جانب امریکہ میں منعقدہ عالمی ٹیکسٹائل نمائش میں پاکستانی مصنوعات کی بھرپور پذیرائی نے ملکی برآمدی شعبے کیلئے مثبت اشارے دیے ہیں۔ کاٹن مارکیٹ ذرائع کے مطابق پنجاب میں حالیہ بارشوں سے روئی کے نرخوں میں فی من تقریباً 500 روپے اضافہ ہوا، جبکہ سندھ کے کپاس پیدا کرنے والے علاقوں میں بھی بارشوں کے آغاز کو فصل کیلئے مفید قرار دیا جا رہا ہے ۔ ٹیکسٹائل ملز ضرورت کے مطابق محتاط انداز میں خریداری کر رہی ہیں، جبکہ جنرز پھٹی کی دستیابی اور لاگت کو مدنظر رکھتے ہوئے روئی فروخت کر رہے ہیں۔ سندھ میں روئی کا بھاؤ 18 ہزار 100 سے 18 ہزار 400 روپے فی من، پنجاب میں 18 ہزار 600 سے 19 ہزار 200 روپے اور بلوچستان میں 18 ہزار 200 سے 18 ہزار 400 روپے فی من کے درمیان رہا، جبکہ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن نے اسپاٹ ریٹ 18 ہزار 200 روپے فی من برقرار رکھا۔ عالمی منڈی میں بھی کاٹن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہا اور نیویارک کاٹن فیوچر 79 سے 81 امریکی سینٹ فی پاؤنڈ کے درمیان رہا۔ کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان کے مطابق عالمی سیاسی کشیدگی اور بین الاقوامی طلب و رسد بھی کپاس کی قیمتوں پر اثرانداز ہو رہی ہ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...