عالمی معیشت کی تبدیلیاں بڑا چیلنج ہیں،گورنر اسٹیٹ بینک

عالمی معیشت کی تبدیلیاں بڑا چیلنج ہیں،گورنر اسٹیٹ بینک

معاشی استحکام کیلئے پیداوار، برآمدات اور روزگار کے مواقع بڑھانا ہونگے ترسیلات زر بھیجنے والے اوورسیزپاکستانیوں کیلئے نئی اسکیم لارہے ، جمیل احمد

کراچی(بزنس رپورٹر)گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ آزادی محض سیاسی آزادی کا نام نہیں بلکہ قانون کی پاسداری، قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی اور ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کا عزم بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیاں پاکستان کیلئے بڑا چیلنج ہیں، تاہم پیداوار میں اضافہ، برآمدات کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرکے معاشی استحکام کو پائیدار بنایا جاسکتا ہے ۔ جشن آزادی کے موقع پر اسٹیٹ بینک کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی، مالی استحکام اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر فرد کو اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مالی نظام کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ، محفوظ اور مضبوط بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔گورنر اسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کا مالی نظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو اور معاشرے کے ہر طبقے کو مالی نظام تک آسان اور مؤثر رسائی حاصل ہو ۔انہوں نے کہا کہ مالی شمولیت میں اضافہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور عوام کی معاشی بہتری کیلئے انتہائی اہم ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ترسیلات زر ملکی معیشت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ترسیلات زر بھیجنے والے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے نئی اسکیم متعارف کرانے پر کام کیا جا رہا ہے ۔گورنراسٹیٹ بینک نے بتایا کہ رواں مالی سال ترسیلات زر کا ہدف 44 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں مزید اضافہ ہوگا جس سے زرمبادلہ ذخائر اور بیرونی شعبے کے استحکام میں مدد ملے گی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...