مارکیٹ انٹیلی جنس اینڈ ٹریڈ سپورٹ سسٹم کا افتتاح
ایکسپورٹرز 95ممالک کیساتھ برآمدی مواقع سے مستفید ہونگے، سیکریٹری ٹڈاپ
کراچی(بزنس رپورٹر)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ)کے تحت جشنِ آزادی پر ایکسپورٹرز کے لیے پاکستان کے پہلے مارکیٹ انٹیلی جنس اینڈ ٹریڈ سپورٹ سسٹم کا افتتاح کردیا گیا جس کے ذریعے پاکستانی برآمد کنندگان دنیا کے 95 ممالک کے ساتھ موجود تجارتی معاہدوں کے تحت پاکستانی مصنوعات کو حاصل مراعات، مارکیٹ تک رسائی اور برآمدی مواقع سے متعلق معلومات حاصل کرسکیں گے ۔ یومِ آزادی کی مناسبت سے ٹڈاپ کے زیر اہتمام ایکسپو سینٹر کراچی میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں 100 فٹ بلند قومی پرچم لہرایا گیا۔ سیکریٹری ٹڈاپ کمال شہریار نے قومی پرچم کشائی کی جبکہ سابق چیئرمین ٹڈاپ زبیر موتی والا، ایکسپورٹرز، کراچی چیمبر ، صنعتی ایسوسی ایشنز اور کاروباری برادری کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری ٹڈاپ کمال شہریار نے کہا کہ ادارے کی خدمات کو تیزی سے ڈیجیٹل بنایا جارہا ہے ۔ ٹڈاپ کے پورٹل پر اس وقت 6 ہزار ایکسپورٹرز اور 1600 امپورٹرز رجسٹرڈ ہیں جبکہ ملک بھر کے 12 چیمبرز آف کامرس میں برآمد کنندگان کی رہنمائی اور معاونت کے لیے ہیلپ ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے مارکیٹ انٹیلی جنس اینڈ ٹریڈ سپورٹ سسٹم کا مقصد کاروباری برادری کو عالمی منڈیوں تک رسائی، تجارتی معلومات اور برآمدی مواقع فراہم کرنا ہے ۔ نظام کے ذریعے برآمد کنندگان مختلف ممالک کے ساتھ موجود تجارتی معاہدوں، مراعات اور مارکیٹ میں دستیاب مواقع سے بہتر طور پر استفادہ کرسکیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments