ایس ای سی پی، عسکری بینک میں اے پی آئی انٹیگریشن مکمل

ایس ای سی پی، عسکری بینک میں اے پی آئی انٹیگریشن مکمل

نئے کارپوریٹ اکاؤنٹس کے اجرا کا عمل تیز وآسان، کاغذی کارروائی کم ہوگی

کراچی(کامرس رپورٹر)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور عسکری بینک کے درمیان نئے کارپوریٹ اکاؤنٹس کے اجرا کے عمل کو تیز اور آسان بنانے جبکہ کاغذی کارروائی کم کرنے کیلئے اے پی آئی انٹیگریشن مکمل کرلیا گیا، دوسری جانب اس ڈیجیٹل انٹیگریشن کے بعد عسکری بینک اپنے نظام کو ایس ای سی پی کی کارپوریٹ رجسٹری کے ساتھ مربوط کرنے والا ملک کا پہلا تجارتی بینک بن گیا۔ نئے نظام کے تحت بینک کو ایس ای سی پی سے براہِ راست مصدقہ کارپوریٹ معلومات حاصل ہونگی، جس سے کمپنیوں کی دستی تصدیق اور آن بورڈنگ کے عمل میں درکار وقت نمایاں کم ہوگا۔انٹیگریشن معاہدے پر ایس ای سی پی کے کمشنر مظفر مرزا اور عسکری بینک کے گروپ ہیڈ ریٹیل بینکنگ شیخ راشد رؤف نے دستخط کیے ۔

ایس ای سی پی کے مطابق نئے ڈیجیٹل سسٹمز کے اشتراک سے نئی رجسٹرڈ کمپنیاں رجسٹریشن کے فوری بعد نسبتاً آسان اور تیز طریقے سے بینک اکاؤنٹ کھول سکیں گی، جس سے انہیں اپنی تجارتی سرگرمیاں جلد شروع کرنے میں سہولت حاصل ہوگی۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے اس موقع پر کہا کہ یہ اقدام ادارے کی ڈیجیٹائزیشن اور بی ریڈی اصلاحات کا ایک اہم حصہ ہے ، جس کا مقصد کاروباری ماحول کو مزید آسان، شفاف اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے ایس ای سی پی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ مستقبل میں ملک کے دیگر بینکوں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ بھی اسی نوعیت کے ڈیجیٹل روابط کو وسعت دی جائیگی تاکہ کارپوریٹ سیکٹر کیلئے کاروبار شروع کرنے اور مالیاتی خدمات تک رسائی کا عمل مزید مؤثر اور آسان بنایا جاسکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...