گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری ، 5 رکنی گروہ گرفتار

 گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری ، 5 رکنی گروہ گرفتار

کروڑوں کی جائیدادیں، 10 لاکھ روپے نقد اور تین گاڑیاں ضبط، پراپرٹی منتقلی منجمد مریض سے 30 لاکھ روپے وصول، ڈونر کو 3 لاکھ 40 ہزار روپے دینے کا انکشاف

اسلام آباد (اے پی پی)ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی (ہوٹا) کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کمرشل گردوں کی پیوند کاری کے منظم نیٹ ورک کا انکشاف کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ عدالت نے ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ،ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مشترکہ ٹیم نے پی ڈبلیو ڈی سوسائٹی کے ایک مکان پر چھاپہ مارا، جہاں قاسم کو رمضان ارشد کا گردہ غیر قانونی  طور پر منتقل کیا جا چکا تھا۔ کارروائی کے دوران 3 ملزمان کو موقع سے گرفتار کیا گیا، جبکہ بعد ازاں مزید 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ مریض سے پیوند کاری کے عوض 30 لاکھ روپے وصول کیے گئے ، جبکہ ڈونر کو 3 لاکھ 40 ہزار روپے دینے اور 60 ہزار روپے ایجنٹوں میں کمیشن کے طور پر تقسیم کرنے کا منصوبہ تھا ۔

ایف آئی اے کے مطابق نیٹ ورک میں ڈاکٹرز، نرسز، اینستھیزیا فراہم کرنے والے افراد، ادویات اور لیبارٹری کے ایجنٹس اور ڈائیلاسز کا عملہ شامل تھا۔ غیر قانونی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والی دولت کی تحقیقات کے دوران ایک ملزم کی جانب سے میڈیا ٹاؤن اسلام آباد میں 6 کروڑ 25 لاکھ روپے مالیت کا 10 مرلہ مکان، جبکہ دوسرے ملزم کی جانب سے جناح گارڈن فیز 1 میں 2 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کا 5 مرلہ مکان خریدنے کا انکشاف ہوا۔ ایف آئی اے نے ایکٹ 1974 کی دفعہ 5 کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے دونوں جائیدادوں کی منتقلی منجمد کر دی،کارروائی کے دوران 10 لاکھ روپے نقد اور تین گاڑیاں، جن میں ایک چنگان اوشان ایکس 7 اور دو ہونڈا سِوک شامل ہیں ضبط کر لی گئیں ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...