کرک:فائرنگ کا تبادلہ، ڈی ایس پی سمیت 4اہلکار شہید، 2دہشتگرد ہلاک
شہدا میں ڈی ایس پی عمران الدین کے علاوہ ایس ایچ او افضل اعوان اور دوسپاہی کاظم اور امجد بھی شامل پولیس کی مزید نفری موقع پر پہنچ گئی ، آخری اطلاعات تک علاقے میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن جاری رہا
پشاور(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک )کرک کی تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے علاقے جالا چارپرہ میں پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی اور ایس ایچ او سمیت چار اہلکار شہید ہوگئے جبکہ پولیس کے مطابق دو دہشت گرد بھی ہلاک کردیئے گئے ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق جمعرات کے روز تھانہ خرم محمدزئی کی حدود میں بنوں روڈ پر واقع علاقے جالا چارپرہ کے ایک مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ آپریشن شروع کیا۔ اس دوران مبینہ دہشت گردوں نے سکیورٹی اہلکاروں پر شدید فائرنگ کردی جس کے جواب میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔پولیس سے ملنے والی ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کرک عمران الدین، ان کے محافظ کاظم، تھانہ لتمبر کے ایس ایچ او افضل اعوان اور بم ڈسپوزل یونٹ کا اہلکار امجد شہید ہوگئے ۔پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ علاقے میں موجود دیگر مبینہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری تھی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی مزید نفری بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا اور سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے آپریشن جاری رکھا گیا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments