ایران کے معاملے پر جلد کچھ ہونیوالا ہے:ٹرمپ ،غیر روایتی جنگ کے لیے تیار ہیں :ایرانی آرمی چیف
سعودی عرب کے دمام ایئرپورٹ پر حملہ، 2جاں بحق،8زخمی ،48گھنٹے میں 4حملے کئے :حوثی ، سعودی فوجی اتحاد کا ریاض ، مدینہ میں 4 ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ تیل کی بڑی کمپنی آرامکو ہیڈکوارٹر سے تمام ملازمین کو فوری انخلا کا حکم،ایران کی امریکی اڈوں پر حملے کی دھمکی،عالمی سٹاک مارکیٹس میں مندی،تیل4فیصد مہنگا
واشنگٹن، تہران،ریاض (نیوز ایجنسیاں) امریکی صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ ایران کے معاملے پر جلد کچھ ہونے والا ہے ۔جوائنٹ بیس اینڈریوز میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ایران کے ساتھ رابطوں اور ممکنہ پیش رفت سے متعلق سوال پر انھوں نے کہا کہ زیادہ تر لوگوں کا خیال ہے کہ یہ انتخابات کے بعد ہوگا، لیکن ہمیں دیکھنا ہوگا۔ان کا اشارہ امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کی جانب تھا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انھوں نے مذاکرات کا راستہ چھوڑ دیا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ ہم مذاکرات نہیں کریں گے ، لیکن جلد ہی کچھ ہو جائے گا۔ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نیویارک ٹائمز نے نام ظاہر نہ کرنے والے امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے انتخابات کے بعد ایران پر حملے کے منصوبے تیار کیے ہیں۔ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ ایرانی فوج نے اپنی ڈرون صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا ہے اور وہ غیر روایتی جنگ کے لیے تیار ہے ۔تہران میں فوجی ڈرونز بنانے والے ایک مرکز کے دورے کے دوران انھوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج، خاص طور پر فوج، کو ملک کی سلامتی یقینی بنانے اور ممکنہ خطرات کا مقابلہ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ، اس لیے ہر طرح کے حالات کے لیے تیاری ضروری ہے ۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے جنرل امیر حاتمی کا حوالے دیتے ہوئے بتایا ہے کہ فوج نے غیر متناسب جنگ کے لیے ضروری ساز و سامان اور افرادی قوت تیار کر رکھی ہے اور اس کی صلاحیت پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکی ہے ۔بیان کے مطابق ایرانی فوج ڈرونز کی تیاری، تقسیم اور دیکھ بھال میں مصروف ہے جبکہ اہلکاروں کو ان کے استعمال کی تربیت بھی دی جا چکی ہے ۔جنرل امیر حاتمی کے مطابق ڈرونز، بغیر عملے کے بحری جہازوں اور مائیکرو ڈرونز سمیت بغیر پائلٹ ہتھیار جدید جنگ میں زیادہ اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ فوج کا ڈرون پروگرام وزارتِ دفاع کے تعاون سے شروع ہوا تھا اور اب اس میں جامعات، ماہرین اور علم پر مبنی کمپنیوں کی شمولیت بھی ہے ۔جنرل امیر حاتمی کے مطابق ایرانی بحریہ سمندر میں اور آبنائے ہرمز کے مشرقی ساحلی علاقوں میں فعال موجودگی رکھتی ہے ۔ ان کے بقول اس علاقے میں داخل ہونے والے کسی بھی دشمن جہاز کو نشانہ بنایا جائے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ ایران آبنائے ہرمز، خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں آمدورفت کے حوالے سے اپنے ضوابط پر عمل درآمد کے لیے بحری بارودی سرنگوں اور خودکار کنٹرول نظاموں کا استعمال کرتا ہے ۔
ایران کے پاسداران انقلاب نے دھمکی دی ہے کہ آبنائے ہرمز میں امریکی فوج کی جانب سے جہازوں کو حفاظتی حصار فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے جمعرات کو دعویٰ کیا ہے کہ چار جہاز شمالی خلیج فارس کے وسطی علاقے میں تیل کی منتقلی کے دوران نشانہ بنائے گئے اور ان میں آگ لگ گئی۔جہاز غیر قانونی راستوں سے گزر رہے تھے ۔ بیان میں مزید کہا کہ تین جہاز مغربی آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے ، جس کے نتیجے میں انھیں حادثہ پیش آیا اور ان میں آگ لگ گئی۔ سعودی عرب کے دمام ایئرپورٹ پر بدھ کو رات گئے حملے میں 2 افراد جاں بحق اور 8زخمی ہوگئے ۔ سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق بدھ کو ہونے والے حملے میں ایک سعودی اور ایک بھارتی شہری جان سے گئے ۔ رواں ماہ سعودی ایئرپورٹس پر حوثیوں کے حملوں میں اب تک 22 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ بحیرہ احمر میں بحری ناکہ بندی سے تیل کی ترسیل بھی متاثر ہے ۔علاوہ ازیں سعودی عرب نے ریاض اور مدینہ منورہ کے علاقوں میں چار ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ایکس پر بتایا کہ ڈرونز کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے روک کر تباہ کر دیا گیا۔حوثیوں کے فوجی ترجمان یحیی سریع نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سعودی عرب کے اندر چار فوجی کارروائیاں کی ہیں، جن میں وزارتِ دفاع کی ریاض میں واقع عمارت، کنگ فہد بین انٹرنیشنل ایئرپورٹ آرامکو کی ینبع میں واقع ایک تنصیب اور ابھا بین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے شامل ہیں۔یہ حملے بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے کیے گئے اور چاروں اہداف کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا۔سریع نے کہا کہ حوثی اپنے ملک اور عوام کے دفاع میں سعودی عرب کے اندر اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے ۔سعودی عرب کی تیل کی بڑی کمپنی آرامکو نے جمعرات کو اپنے ہیڈکوارٹر میں موجود باقی ماندہ عملے کو بھی عمارت فوری خالی کرنے کی ہدایت دے دی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق تین ذرائع نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گزشتہ ہفتے مشرقی سعودی عرب میں کمپنی کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنائے جانے کے بعد غیر ضروری عملہ پہلے ہی گھروں سے کام کر رہا تھا۔تاہم اب باقی ملازمین کو بھی اگلے احکامات تک گھر سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق دھہران میں واقع وسیع و عریض کمپلیکس کے اندر رہائشی علاقوں کو نہ تو بند کیا گیا اور نہ ہی وہاں سے لوگوں کو نکالا گیا ہے ۔حالیہ ہفتوں کے دوران سعودی عرب کے شہری بنیادی ڈھانچے ، بالخصوص تیل کی تنصیبات اور ہوائی اڈوں پر حوثیوں کے حملے غیر معمولی حد تک بڑھ گئے ہیں۔مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان تنازع کے سیاسی حل کے لیے تمام ممکنہ راستے تلاش کرنے پر زور دیا ہے ۔
قاہرہ میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلے کے حل کے لیے تمام سفارتی امکانات بروئے کار لانا ضروری ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور اے آئی سرمایہ کاری سے متعلق خدشات نے عالمی منڈیوں پر دباؤ بڑھا دیا۔ عالمی سٹاک مارکیٹس میں جمعرات کو مندی رہی، ٹیکنالوجی کمپنیوں کے مایوس کن مالی نتائج رہے ۔ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے حصص 7 فیصد جبکہ ٹیسلا کے حصص 3 فیصد گرگئے ۔ نیسڈیک انڈیکس 2اعشاریہ6 فیصد نیچے آگیا۔ ٹیسلا کے منافع میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب برینٹ نارتھ سی خام تیل 4 فیصد اضافے کے بعد 113اعشاریہ17 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 2اعشاریہ4 فیصد اضافے کے بعد99اعشاریہ47ڈالر فی بیرل ہو گئی ۔امریکی محکمہ خزانہ نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کرتے ہوئے 5 افراد، 4 کمپنیوں اور 9 بحری جہازوں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کرلیا۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق پابندیوں کی زد میں سنگاپور اور متحدہ عرب امارات میں قائم وہ شپنگ ایجنٹس بھی آئے ہیں جو ایران کی معاونت میں ملوث ہیں۔امریکی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ ایران کی مدد کرنے والے افراد اور اداروں کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments