اسٹاک ایکسچینج :شدیدمندی،انڈیکس 2,006پوائنٹس گرگیا

اسٹاک ایکسچینج :شدیدمندی،انڈیکس 2,006پوائنٹس گرگیا

فروخت کا دباؤ غالب،کے ایس ای 100انڈیکس 163,924پوائنٹس پر بند 494کمپنیوں کے حصص کا لین دین،101میں اضافہ،355کی قیمتیں گرگئیں

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)مشرقِ وسطیٰ میں تنازع بڑھنے کے خدشات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو فروخت کا دباؤ غالب آگیا جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس دورانِ کاروبار 2 ہزار سے زائد پوائنٹس گر گیا۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا، دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس 166,180.32  پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھوگیا، بعد ازاں مسلسل فروخت کے دباؤ کا شکار ہوگیا۔دورانِ کاروبار اتار چڑھاؤ جاری رہا اور انڈیکس میں مجموعی طور پر کمی کا رجحان برقرار رہا۔ دوپہر کے وقت معمولی بحالی بھی برقرار نہ رہ سکی جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس 163,782.41 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر آگیا۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 2,006.67 پوائنٹس یا 1.21 فیصد کمی سے 163,924.31 پوائنٹس پر بند ہوا۔

بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے مارکیٹ کے اختتام پر جاری رپورٹ میں کہا کہ مسلسل جغرافیائی سیاسی بے یقینی، تیل کی بڑھتی قیمتوں اور پاکستان کی معاشی صورتحال پر ان کے ممکنہ اثرات سے متعلق خدشات کے باعث سرمایہ کار محتاط رہے ۔ مثبت محرکات کی عدم موجودگی نے بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا، جبکہ کاروباری سیشن آگے بڑھنے کے ساتھ فروخت کا دباؤ بڑھتا گیا۔رپورٹ کے مطابق اینگرو ہولڈنگز، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، حب پاور کمپنی، حبیب بینک لمیٹڈ اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی نمایاں خسارے میں رہیں۔ ان کمپنیوں نے مجموعی طور پر بینچ مارک انڈیکس کو تقریباً 752 پوائنٹس نیچے دھکیلا ۔جمعرات کو مجموعی طور پر 494 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا، جن میں سے 101 کی قیمتوں میں اضافہ، 355 میں کمی جبکہ 38 کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...