اسٹاک ایکسچینج ،3حدیں بحال،335ارب روپے منافع
3366پوائنٹس کے اضافے سے 100انڈیکس 175379پر بند 99کروڑ سے زائد حصص کے سودے ،کاروباری حجم 19فیصد زائد رہا
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو چوتھے سیشن میں بھی بڑی نوعیت کی تیزی رہی جس سے 100 انڈیکس کی 1لاکھ 73ہزار، 1لاکھ 74ہزار اور 1لاکھ 75ہزار پوائنٹس کی مزید تین سطح بحال ہوگئیں۔ تیزی کے سبب 73فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 3 کھرب 35ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔ عالمی وایشیائی مارکیٹوں میں بھی رونما ہونے والی تیزی کے مثبت نتائج مقامی کیپیٹل مارکیٹ کی سرگرمیوں پر اثرانداز رہے جس سے کاروبار کے آغاز سے اختتام تک اتار چڑھاو کے باوجود تیزی رہی اور ایک موقع پر 4591 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 1لاکھ 76ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی تھی لیکن اختتامی لمحات میں پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 3366.38 پوائنٹس کے اضافے سے 175379.87پوائنٹس پربند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 977.56 پوائنٹس کے اضافے سے 51596.07 پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 1874.96پوائنٹس کے اضافے سے 105023.93 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 19فیصد زائد رہا۔گزشتہ روز 99کروڑ 98لاکھ 12ہزار 149 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر501 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 365 کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں اضافہ، 103 میں کمی اور 33 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments