انتظامیہ آوارہ کتوں کے خاتمہ میں ناکام،شہری خوفزدہ

انتظامیہ  آوارہ  کتوں  کے  خاتمہ  میں  ناکام،شہری  خوفزدہ

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ میونسپل کارپوریشن اور لائیو سٹاک آوارہ کتوں کے تدارک کے لیے اقدامات کرنے میں ناکام ہے آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے حملوں سے شہریوں میں خوف و ہراس پایا جارہا ہے۔۔۔

 گزشتہ 12ماہ کے دوران درجنوں افراد آوارہ کتوں کے حملوں میں زخمی ہوچکے ہیں ۔فیصل آباد میں آوارہ کتوں کی افزائش نسل روکنے یا شہریوں کو ان کتوں سے بچانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے گزشتہ 12ماہ کے دوران چک نمبر 196کی 3سالہ مدیحہ گرونانک پورہ میں38سالہ شاہد تاندلیانوالہ میں 14 سالہ گلفام ملت ٹاون میں 50 سالہ خالدہ پروین سمیت دیہی علاقوں میں درجنوں بچے بڑے آوارہ کتوں کے حملوں میں زخمی ہوچکے ہیں 3 سالہ مدیحہ کو آوارہ کتوں نے بری طرح سے نوچ ڈالا مدیحہ کے سینے اور ٹانگوں سے کتوں نے گوشت پھاڑ ڈالا جسے طویل اور متعدد سرجریوں کا سہارا لینا پڑے گا لیکن بچی کی زندگی پھر بھی معمول پر نہیں آئے گی گزشتہ برس آوارہ کتوں کے حملوں میں 75 افراد زخمی ہوئے تھے آوارہ کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہونے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے مگر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے ضلعی انتظامیہ عملی اقدامات کی بجائے میٹنگز کرنے پر ہی اکتفا کررہی ہے آوارہ کتوں کی تعداد اور ان کے جھنڈ بڑھنے سے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں پڑچکی ہیں ۔ ماہرین صحت کے مطابق کتے کے کاٹنے سے انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں کتے کے کاٹنے سے متاثرہ شخص ریبیز جیسی خطرناک بیماری کا شکار ہوسکتا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ آوارہ کتے چھوٹے بچوں پر حملہ کرتے ہیں تو ان کے لیے کتوں کا حملہ جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے آوارہ کتوں کی افزائش نسل کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کے احکامات دئیے گئے تھے لیکن ڈیڑھ سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باجود فیصل آباد میں ان احکامات پر عملدرآمد شروع نہیں ہوسکا ۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ سے رابطہ کیا گیا مگر وہ بھی کوئی کارکردگی نہ ہونے کی وجہ سے موقف نہ دے سکے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں