پولیس افسران و ملازمین خود ہی منشیات فروشوں کی پشت پناہی کرنے لگے

پولیس   افسران    و    ملازمین    خود   ہی    منشیات    فروشوں    کی    پشت    پناہی    کرنے    لگے

فیصل آباد(عبدالباسط سے )منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لانے اورمنشیات فروشی کی روک تھام کی بجائے مبینہ طور پر پولیس افسران و ملازمین خود ہی منشیات فروشوں کی پشت پناہی کرنے لگے ۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے مختلف تھانوں کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے کھلم کھلا اور بلا خوف و خطر منشیات فروشی کی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق سپیشل برانچ،سکیورٹی برانچ اور دیگر حساس اداروں اور مختلف برانچوں کی جانب سے منشیات فروشی میں ملوث اور بدنام زمانہ جرائم پیشہ عناصر کی فہرستیں تیار کرکے فراہم کرنے کے باوجود بھی متعلقہ پولیس کارروائیاں کرنے کی بجائے مبینہ طور پر جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی کرنے کو ترجیح دینے لگی ہے ، منشیات فروشی میں ملوث عناصر کو گرفتار کرنے کے بعد ان کے خلاف مقدمات کے اندراج کے وقت مختلف طریقوں سے ڈیلنگ اور سودے بازی کے انکشافات سامنے آتے رہتے ہیں، پولیس مبینہ بھاری نذرانے لے کر منشیات کی مقدار کم ظاہر کرتی ہے جس کے بعد ملزمان کو عدالت سے سزاؤں میں ریلیف مل جاتا ہے اور پولیس افسران و ملازمین کی جیبیں گرم ہو جاتی ہیں ، نوجوان نسل اور طلبہ و طالبات اس ناسور کا شکار بنتے جارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چند روز قبل تھانہ سٹی جڑانوالہ میں تعینات اہلکاروں کی مبینہ آڈیو بھی لیک ہوئی جس میں وہ منشیات فروشوں اور ان کے کارندوں سے بھاری بھتہ کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ اس واقعہ پر سٹی پولیس آفیسر نے ملوث اہلکاروں کو معطل کر کے ان کے خلاف بھتہ خوری کامقدمہ درج کراتے ہوئے انہیں گرفتار کرا دیا۔ شہریوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشی اور اس کے استعمال کو روکنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔ سٹی پولیس آفیسر کامران عادل کے مطابق ملوث افسران و ملازمین کیخلاف محکمانہ اور قانونی کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں