ضلعی اتھارٹیز ناگہانی حالات سے نمٹنے کا فریم ورک بنانے میں ناکام

ضلعی اتھارٹیز ناگہانی حالات سے نمٹنے کا فریم ورک بنانے میں ناکام

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی ہدایات نظر انداز، ضلعی اتھارٹیز ناگہانی حالات سے نمٹنے کا فریم ورک تیار کرنے میں ناکام ہوگئیں۔۔

۔ فیصل آباد سمیت 13 اضلاع میں افسران کی کارکردگی صرف میٹنگز کی حد تک محدود رہی ۔تفصیلات کے مطابق سیلاب، زلزلہ سمیت دیگر ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لیے قائم نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے تحت ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں اتھارٹیز قائم کی گئیں جنہیں اپنے اپنے شہر میں ضلعی محکموں کے تعاون سے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فریم ورک تیار کرنے کا حکم دیا گیا تاہم افسران نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے یکسر نظر انداز کردیا۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق سال 2022 تا 23 کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، میانوالی، سرگودھا، لیہ، مظفرگڑھ، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، ساہیوال اور راولپنڈی میں سے کسی ایک بھی ضلع کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کوئی جامع منصوبہ ترتیب دیا نہ ہی متعلقہ ضلعی محکموں سے کوئی بات کی جس کے باعث مشکل حالات سے نمٹنے کی کوئی معلومات سامنے نہیں آسکیں۔ ذرائع کے مطابق اس وقت مذکورہ اضلاع میں کسی بھی ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے پاس ناگہانی حالات سے نبردآزما ہونے کے لیے کوئی پلان موجود نہیں، جس پر متعلقہ حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں