فیسکو کا آن لائن ادائیگی سسٹم صارفین کیلئے درد سر بن گیا ،ادائیگی کے باوجود دوبارہ بل آنے لگے

فیسکو کا آن لائن ادائیگی سسٹم صارفین کیلئے درد سر بن گیا ،ادائیگی کے باوجود دوبارہ بل آنے لگے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کا ناکارہ آن لائن ادائیگی سسٹم صارفین کے لیے درد سر بن گیا۔

 بل کی آن لائن ذرائع سے ادائیگی کے باوجود شہریوں کو اگلے ماہ دوبارہ سرچارج سمیت بل بھجوائے جانے لگے ۔ شہری بینک اور فیسکو دفاتر کے درمیان شٹل کاک بن گئے ۔ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بلنگ ڈیپارٹمنٹ کے بعد اب آن لائن سسٹم میں بھی سنگین مسائل سامنے آگئے ہیں جس کے بعد بل کی ادائیگی کے باوجود صارفین کو دوبارہ سابقہ بل کی رقم شامل کرکے بھجوانے کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق صارف اپنی سہولت کے لیے آن لائن بینکنگ یا موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے گھر بیٹھے یا ریٹیلرز سے بل جمع کرواتے ہیں جس کے باقاعدہ رسید بھی دی جاتی ہے تاہم ادا شدہ رقم فیسکو کے سسٹم میں ظاہر ہی نہیں ہوتی جس کے بعد صارف کو اگلے ماہ سابقہ بل بھی بمعہ سرچارج بھیج دیا جاتا ہے ۔ جس کے بعد صارف کو بینک سے ادائیگی ہو جانے اور فیسکو کے دفاتر سے رقم وصول نہ ہونے کا کہہ کر خوار کیا جاتا ہے ۔ فیسکو کے آن لائن سسٹم میں خامیوں کی نشاندہی کے باوجود افسر ٹس سے مس ہونے اور اسے اپ گریڈ کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ یاد رہے کہ فیسکو کے رجسٹرڈ صارفین کی مجموعی تعداد 52 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے جن میں ہر ماہ ہزاروں کی تعداد میں زائد بلوں، تصاویر کے بغیربل بھجوانے اور ادائیگیوں میں تاخیر جیسے مسائل کا شکار ہو رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں