چنیوٹ:نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنے کیلئے انٹرن شپ پروگرام
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے اور انہیں عملی میدان میں مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
اس پروگرام کے تحت ریسکیو 1122 کے ساتھ انٹرن شپ کا خصوصی منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے ، جس میں ضلع چنیوٹ کے نوجوانوں کو حصہ لینے کا موقع دیا جا رہا ہے ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر طاہرہ خان نے انٹرن شپ کے پہلے بیچ کے طلباء کو جامع بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران طلباء کو ریسکیو 1122 کی خدمات، آپریشنل سرگرمیوں، اور ایمرجنسی مینجمنٹ کے اصولوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ انٹرن شپ کو ایک نادر موقع سمجھتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنائیں۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں میں ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنا اور انہیں عملی میدان کے لیے تیار کرنا ہے ۔