نان ریزیڈنٹ پاکستانیز کے تعاون کا خیر مقدم کرینگے :ریحان نسیم
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے ہیلتھ ٹورازم کے حوالے سے فیصل آباد کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا ہے اور کہا ہے ۔۔
کہ وہ اس سلسلہ میں نان ریزیڈنٹ پاکستانیز کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے ۔ وہ این آر پی (نان ریزیڈنٹ پاکستانیز)کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مقصود احمد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکار اور نجی شعبہ اپنی اپنی جگہ پر الگ الگ کام کر رہے ہیں جبکہ ہمیں پاکستان کی خاطر ذاتی انا کے چکر سے نکل کے وطن عزیز کی بہتری کیلئے ملکر جدوجہد کرنا ہو گی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ وہ جنوری میں ملاقات کا باضابطہ اہتمام کریں تاکہ وہ چیمبر کے متعلقہ ممبران کی مشاورت سے باہمی تعاون کیلئے حتمی فیصلہ کر سکیں۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبے کو سراہا ۔ ڈاکٹر مقصود احمد نے بتایا کہ یہ تنظیم صحت، زراعت، سیاحت، توانائی اور دیگر شعبوں میں کام کرنے کی خواہاں ہے اس وقت مختلف شعبوں کو مختلف پاکستانی دیکھ رہے ہیں جبکہ صحت کے شعبہ کی ذمہ داری اُن کو سونپی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ریٹنا(Retina) کی سکینگ کیلئے مصنوعی ذہانت سے کام کرنے والے دو جدید ترین کیمرے مہیا کئے ہیں جن کے ذریعے شوگر کے مرض کی پیشگی نشاندہی کی جا سکتی ہے ۔ ان میں سے ایک کیمرہ اسلام آباد اور دوسرا فیصل آباد کو دیا گیا ہے ۔