فصلوں، پھلوں کی705 نئی اقسام متعارف کروائی جا چکیں:ڈاکٹر ساجد

 فصلوں، پھلوں کی705 نئی اقسام متعارف کروائی جا چکیں:ڈاکٹر ساجد

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)چیف سائنٹسٹ و ڈائریکٹر جنرل زراعت، ریسرچ پنجاب ڈاکٹر ساجد الرحمن نے کہا ہے کہ ایوب ریسرچ کے زرعی سائنسدانوں نے تخلیقی کاوشوں کے ذریعے مختلف فصلوں، پھلوں، سبزیوں کی705سے زائد نئی اقسام متعارف کروائی ہیں۔۔

پنجاب کے 99فیصد رقبہ پر زرعی تحقیقاتی ادارہ گندم فیصل آباد کی متعارف کردہ اقسام زیر کاشت ہیں،ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے زیر انتظام پنجاب میں 50سے زائد لیبارٹریز میں تحقیقی کام ہو رہاہے جن میں سے 22لیبارٹریز آئی ایس او سرٹیفائیڈ ہیں جن کے نتائج کو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں تسلیم کیا جاتاہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے شعبہ سوائل بیکٹریالوجی اور ملک کی معروف نجی فرٹیلائزر کمپنی کے باہمی اشتراک سے منعقدہ ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بائیو فرٹیلائزر کے استعمال سے کیمیائی کھادوں کی کھپت میں 30فیصد تک کمی ہوئی ہے ۔پاکستان میں بھی مستقبل قریب میں بائیو فرٹیلائزر کے استعمال سے 20فیصد تک کیمیائی کھادوں کے کھپت میں کمی ممکن ہو سکے گی۔ بائیو فرٹیلائزر کے استعمال سے نہ صرف زمین کی زرخیزی کی بحالی میں مدد ملتی ہے بلکہ فصلوں کی بڑھوتری میں تیزی آنے سے انکی پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں