چنیوٹ:فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، گٹکا اور ناقص گوشت تلف
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مضر صحت اور ممنوع اشیاء کے خلاف دو بڑی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گٹکا کے 22 ہزار ساشے اور بیمار جانور کا 100 کلوگرام سے زائد گوشت تلف کر دیا۔
گٹکا فروش اور لاغر جانور کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ۔گوشت کو ویٹرنری ٹیم نے بھی مضر صحت قرار دیا، جسے غیر قانونی طور پر رات کے وقت سپلائی کیا جانا تھا۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں کی بروقت کارروائی سے انسانی صحت کے لیے خطرہ بننے والی اشیاء ضبط اور تلف کر دی گئیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم رضا نے کہا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والوں کی چنیوٹ میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مضر صحت اور ملاوٹی اشیاء کا دھندہ کرنے والوں کو ہر سطح پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا اور ایسے عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔