آئمہ یا مدارس کو ہراساں کیاتوبھرپورتحریک چلائیں گے :علما
ہمارا مقصد حکومت کیخلاف محاذ آرائی نہیں، مدارس،آئمہ کے وقار کاتحفظ کرنا ہے
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جمعیت علما اسلام اور وفاق المدارس ضلع فیصل آباد کی جانب سے فیصل آباد پریس کلب میں آئمہ مساجد اور تعلیمی مدارس کیلئے حکومت پنجاب کے اعلان کردہ مالی پیکیج کیخلاف مشترکہ پریس کانفرنس کی گئی۔ مولانا مفتی طیب رکن مجلس عاملہ ، وفاق المدارس العربیہ ،مولانا عزیز الرحمن رحیمی معاون ناظم وفاق المدارس پنجاب میاں عرفان امیر جے یوآئی ضلع ،مولانا شاہد معاویہ جنرل سیکرٹری ضلع فیصل آباد، ضلعی نائب امیر قاری طاہر اپنی جنرل سیکرٹری وممبر انتظامی کمیٹی ،مفتی عبد الشکور رضوی صدر جے یوپی ضلع ڈاکٹر طاہر مصدق صدر جمعیت اہلحدیث ضلع فیصل آباد،مرکزی جنرل سیکریٹری راہ حق پارٹی،مولانا عثمان تقی ،سیکرٹری جنرل سنی علماکونسل سٹی سید حبیب ا شاد امیر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ودیگرمکاتبِ فکر کے علمااوررہنماؤں نے کہا 25 ہزار ماہانہ کے نام پر حکومتی امداد دراصل آئمۂ مساجد کو خریدنے اور انکی آزادیٔ رائے کو محدود کرنے کی کوشش ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا ۔آئمہ اور حافظِ قرآن کو ان پڑھ سمجھنے یا پیش کرنے کا رویہ قابلِ مذمت ہے۔
مدارس ہمیشہ علم و کردار کے قلعے رہے ہیں اور 1860 کے ایکٹ کے تحت تمام تعلیمی مدارس کی رجسٹریشن ضروری قرار دی گئی ہے ۔ 2025میں صوبے بھر میں تقریباً 27 ہزار حفاظِ قرآن تیار ہوئے ، جو حکومتی ریکارڈ کا حصہ ہیں، لہذا مدارس کی خدمات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اگر حکومت واقعی آئمہ اور مدارس کے ساتھ مخلص ہے تو انہیں چند ہزار کی امداد دینے کے بجائے بجلی اور دیگر یوٹیلیٹی بلز میں ریلیف فراہم کرے ۔ مدارس کی رجسٹریشن کو قانونی دائرے میں مضبوط کرے اور اس حوالے سے متعلقہ بل صوبائی اسمبلی سے منظور کرایا جائے ۔ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو دیگر قائدین کے ہمراہ 20 نومبر کو بڑا احتجاجی جلسہ کیا جائے گا۔ علمانے کہا ہمارا مقصد حکومت کیخلاف محاذ آرائی نہیں بلکہ دینی اداروں اور آئمہ کی عزت و وقار کا تحفظ ہے ۔ اگر آئمہ یا مدارس کو امداد کے نام پر دباؤ میں لانے یا ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی بھرپورتحریک چلائی جائے گی۔