نو سر بازوں نے لاکھوں روپے ،گھی اور دیگر سامان ہتھیالیا
ڈی گراؤنڈ میں راشد سے پولیس ملازم بن کرتلاشی کے بہانے ساڑھے 3 لاکھ نکال لئےلاثانی روڈ پر نوجوان سے نقدی ،موبائل، عبداللہ پور میں دکاندارسے 18 کارٹن گھی لے اڑے
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)نو سر بازوں نے مختلف مقامات پر تین شہریوں سے لاکھوں روپے ، گھی اور دیگر سامان ہتھیالیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ پیپلز کالونی کے علاقے ڈی گراؤنڈ کے قریب راشد نامی شہری کو نامعلوم نوسر باز نے روک لیا اور خود کو پولیس ملازم ظاہر کرتے ہوئے تلاشی لینے کے بہانے اسکی جیب سے ساڑھے تین لاکھ روپے سے زائد رقم ہتھیا لی اور قریبی تھانے پہنچنے کا بول کر دھوکہ دہی سے فرار ہو گیا۔ تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقے لاثانی روڈ پر افتخار نامی شہری کے بیٹے کو نامعلوم نوسربازوں نے گھیر لیا۔
خود کو روحانی شخصیات ظاہر کرتے ہوئے نقدی اور موبائل فون ہتھیالیا اور آنکھیں بند کرکے چند قدم چلنے کا بول کر موقع سے فرار ہوگئے ۔ تھانہ پیپلز کالونی کے علاقے عبداللہ پور کے قریب عبداللہ نامی شہری نے اپنی دکان پر موجود تھا کہ ملزم نوسر بازی کرتے ہوئے اسکے بھاری مالیت کے گھی کے 18 کارٹن اور دیگر سامان ہتھیا کر دھوکہ دہی سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ۔