شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکے مزید سخت

شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکے مزید سخت

پولیس حکام کی جانب سے خفیہ اور سرپرائز وزٹس کے ذریعے کا کردگی بھی چیک کی جا رہی ،مشکوک افراد اور گاڑیوں کے خلاف کا رروائیاں جاری ، شہری تعاون کریں:حکام

فیصل آباد (عبدالباسط سے )ملکی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر فیصل آباد پولیس نے شہر میں امن و امان قائم رکھنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے داخلی و خارجی راستوں پر موجود ناکہ بندی پوائنٹس کو مزید مؤثر اور متحرک کر دیا ہے ۔شہر بھر کے تمام داخلی اور خارجی پوائنٹس پر پولیس ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جو شہر میں داخل اور خارج ہونے والی گاڑیوں اور افراد کے کوائف ای پولیس ایپ کے ذریعے چیک کر رہی ہیں۔ پولیس حکام کی جانب سے خفیہ اور سرپرائز وزٹس کے ذریعے ناکہ بندی پوائنٹس کی کارکردگی کی بھی جانچ کی جا رہی ہے ۔ضلعی پولیس کے علاوہ ایلیٹ اور ڈولفن فورس کی خصوصی ٹیمیں بھی مختلف پوائنٹس پر تعینات کی گئی ہیں، جبکہ شہر کے اہم مقامات، مین شاہراہوں اور دیگر پوائنٹس پر بھی خصوصی ناکہ بندی پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔

مشکوک افراد اور گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔پولیس کی جانب سے ناکہ بندی، پٹرولنگ اور دیگر اقدامات کی وجہ سے جرائم کی وارداتوں میں کمی دیکھی گئی اور شہر میں امن و امان کی فضا بہتر ہوئی ہے ۔اس حوالے سے ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کا کہنا ہے کہ شہریوں کی حفاظت اور امن قائم رکھنے کے لیے فیصل آباد پولیس ہمہ وقت مصروف عمل ہے ۔ شہریوں سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ ناکہ بندی پوائنٹس اور پٹرولنگ میں تعینات پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کو لگام دی جا سکے اور شہر کا امن برقرار رہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں