گھنٹہ گھر کے اطراف 5 پارکنگ پلازے بنانے کی منظوری، جلد تعمیر شروع ہوگی

گھنٹہ گھر کے اطراف 5 پارکنگ پلازے بنانے کی منظوری، جلد تعمیر شروع ہوگی

تاجروں سے روابط کو مستقل بنایا جائے گا مپیرا فورس سے متعلق تحفظات بھی دور کیے جائیں گے ،شعبہ صحت کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ، پولیس اور تاجر نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی بناے کا فیصلہ

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)گھنٹہ گھر کے آٹھ بازاروں کے اردگرد پانچ پارکنگ پلازوں کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی ہے ، اور جلد ہی تعمیراتی کام شروع ہونے کا امکان ہے ۔ اس منصوبے سے شہر میں پارکنگ کے دیرینہ مسائل حل ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے ۔ڈویژنل کمشنرنے کہا ہے کہ شہر کی تعمیر و ترقی اور خوبصورتی میں تاجروں کا کردار انتہائی اہم ہے ۔کچہری بازار کی بیوٹیفکیشن تاجر تنظیموں کے تعاون سے مکمل کی جا چکی ہے ، جبکہ اگلے مرحلے میں جھنگ بازار اور امین پور بازار کی بیوٹیفکیشن شروع کی جائے گی۔تاجروں کے ساتھ روابط کو مستقل بنیادوں پر مضبوط بنایا جائے گا اور پیرا فورس سے متعلق تاجروں کے تحفظات بھی دور کیے جائیں گے ۔ملت روڈ پر واسا پراجیکٹ، ہریانوالہ چوک کی تزئین و آرائش، کوہ نور سٹی کی خوبصورتی، شیخوپورہ روڈ کی مرمت و بحالی اور صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ حسیب شہید روڈ (بجانب نصرت فتح علی خان ہسپتال) کی مرمت و بحالی کے لیے بھی اقدامات شروع کیے جا رہے ہیں، جبکہ جاری ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے ۔کمشنر کے مطابق شعبہ صحت کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ، جبکہ کسانوں کے لیے باردانہ رجسٹریشن سے متعلق آگاہی مہم میں تاجروں کے کردار کو بھی شامل کیا جائے گا۔تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ڈی سی آفس، ضلعی پولیس اور تاجر نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں