مولانا محمد ادریس کے قتل کیخلاف مساجد میں یومِ احتجاج
ملک میں آئے روز دہشت گردی ناسور کی شکل اختیار کر چکی : شہباز احمد
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )سابق ایم پی اے اور جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما مولانا محمد ادریس کے بہیمانہ قتل کے خلاف نمازِ جمعہ کے موقع پر جھنگ کی مختلف مساجد میں یومِ احتجاج منایا گیا۔ علما کرام، خطبا اور جے یو آئی عہدیداران نے شہید مولانا محمد ادریس کی دینی، ملی اور سیاسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے قاتلوں کی شدید مذمت کی۔اس موقع پر جے یو آئی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن شہباز احمد گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئے روز دہشت گردی ناسور کی شکل اختیار کر چکی ہے۔
گزشتہ دو برسوں کے دوران خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں جے یو آئی کے درجنوں عہدیداران اور علما کرام کو ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے شہید کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں اور حکمرانوں پر سوالیہ نشان ہے کہ آخر جے یو آئی کے ذمہ داران مسلسل کیوں ٹارگٹ ہو رہے ہیں۔ حکمران فوری طور پر شہید مولانا محمد ادریس کے قتل کے پس پردہ سازش کو بے نقاب کرکے قاتلوں کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی و آئینی جدوجہد کا راستہ خوف و ہراس کے ذریعے نہیں روکا جا سکتا۔