ریونیو اصلاحات تیز کرنیکی ہدایت، ریکارڈ ڈیجیٹائزیشن پر زور
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وقار اکبر چیمہ کی زیر صدارت اجلاس ، کار کردگی رپورٹس پیش
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وقار اکبر چیمہ کی زیر صدارت ریونیو امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداران اور دیگر ریونیو افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں ریونیو ریکارڈ کی درستگی، سرکاری واجبات کی وصولی اور عوامی مسائل کے بروقت حل سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کرتے ہوئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔وقار اکبر چیمہ نے ہدایت کی کہ ریونیو ریکوری کے اہداف ہر صورت مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں اور زیر التوا کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ یکم جولائی کے بعد گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے ، جس کے تحت جائیداد کی خرید و فروخت اور انتقال کا عمل ریونیو ریکارڈ کی تصدیق سے مشروط ہوگا اور اس کے بغیر پراپرٹی کی خرید و فروخت ممکن نہیں ہو سکے گی، تاکہ مکمل شفافیت اور ریکارڈ کی درستگی یقینی بنائی جا سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو تیز کیا جائے اور سائلین کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔