تھیلسیمیا سے بچاؤ کیلئے آگاہی واک، شہریوں کی بھرپور شرکت
قیادت ایڈیشنل کمشنر تنویر مرتضیٰ نے کی،طلبہ و طالبات شریک ہوئے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)انٹرنیشنل تھیلسیمیاڈے کے موقع پر امراضِ خون کے علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے اور آگاہی پھیلانے والے ادارے علی زیب فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ضلع کونسل سے چوک گھنٹہ گھر تک ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔واک کی قیادت ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضیٰ نے کی۔ تھیلسیمیا کے مریض بچوں اور ان کے والدین کے علاوہ وکلا، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، یونیورسٹیوں، کالجز اور سکولوں کے طلبہ و طالبات نے بھی بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد علی زیدی، ڈائریکٹر سعد اللہ شاہد، کوآرڈینیٹر مس صائمہ، ملک شبیر حسین، آفتاب احمد خان، ذوالفقار علی بخاری اور مرزا الیاس بیگ سمیت دیگر اراکین بھی شریک تھے ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد علی زیدی نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ پاکستان میں ہر سال 6000 سے زائد بچے تھیلاسیمیا میجر کے ساتھ پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک مؤثر آگاہی مہم کے ذریعے اس بیماری پر قابو پا چکے ہیں، تاہم پاکستان میں ابھی مزید کام کی ضرورت ہے ۔