مون سون بارشوں سے قبل 15 جون تک سیوریج لائنز روڈ سائیڈ ڈرینز کی ڈیسلٹنگ کا حکم
ڈیسلٹنگ کرتے وقت تصاویری ثبوت حاصل کئے جائیں،سیوریج لائنز اور روڈ سائیڈ ڈرینز کی صفائی کے ذمہ دار اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہونگے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ کرینگے :ایم ڈی واسا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ایم ڈی واسا ثاقب رضا کا مون سون بارشوں سے قبل شہر سے نکاسی آب یقینی بنانے کیلئے 15 جون تک سیوریج لائنز اورروڈ سائیڈ ڈرینز کی ڈیسلٹنگ مکمل کرنے کا حکم جاری اور عملے کوہدایت کی ہے کہ سیوریج لائنوں کی مکینیکل ڈیسلٹنگ کیلئے جدید مشینری استعمال کی جائے ۔ ڈرینج اور او اینڈ ایم ڈائریکٹوریٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے انہوں نے کہا کہ سیوریج لائنوں کی ڈیسلٹنگ کیلئے گیس ڈٹیکٹر سمیت دیگر ضروری سامان کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت قبول نہیں ہو گی۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سیوریج لائنز اور روڈ سائیڈ ڈرینز کی ڈیسلٹنگ کرتے وقت ایس او پیز کے مطابق تصاویری ثبوت حاصل کئے جائیں۔ ڈیسلٹنگ سے قبل جائے مقام کی رپورٹ پیش کی جائے ۔ڈیسلٹنگ کی تمام تر ذمہ داری اسسٹنٹ ڈائریکٹر پر ہوگی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ کرینگے ۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ ڈیسلٹنگ مہم کیلئے ہر اے ڈی کے نام کا ڈیش بورڈ بنا دیا گیا ہے اور اب ڈیسلٹنگ مہم کی مانیٹرنگ سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب خود کرینگے ۔ انہوں نے مزید کہا مین سڑکوں کی روڈ سائیڈ ڈرینز لائنوں کی صفائی 30 مئی تک ہونی چاہئے اور ڈرینج ڈویژن مین سڑکوں کی روڈ سائیڈ ڈرینج کی صفائی کے سرٹیفکیٹس جمع کرائے ۔