پینسرہ:ستھرا پنجاب ؟، عید کے بعد آلائشوں،کچرے کے ڈھیر

پینسرہ:ستھرا پنجاب ؟، عید کے بعد آلائشوں،کچرے کے ڈھیر

آلائشیں مبینہ طور پر قریبی سیوریج نالوں اور خالی مقامات پر پھینکے جانے کے واقعات

پینسرہ(نمائندہ دنیا)حکومت پنجاب کی جانب سے شروع کی گئی ستھرا پنجاب مہم ضلع فیصل آباد میں عیدالاضحیٰ کے بعد مؤثر نتائج دینے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے ، جس کے باعث مختلف علاقوں میں آلائشوں اور کچرے کے ڈھیر شہریوں کیلئے مشکلات کا باعث بن گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق عید قربان کے بعد بازاروں اور گلی محلوں سے اٹھائی گئی آلائشیں مبینہ طور پر قریبی سیوریج نالوں اور خالی مقامات پر پھینکے جانے کے واقعات سامنے آئے ہیں، جس سے تعفن اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ صفائی کے دعوے صرف کاغذی کارروائی تک محدود رہے جبکہ عملی طور پر صفائی کا نظام مؤثر ثابت نہ ہو سکا۔ مختلف علاقوں میں دفعہ 144 کے نفاذ اور سخت مانیٹرنگ کے دعووں کے باوجود زمینی صورتحال مختلف دکھائی دیتی ہے۔

فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریبی علاقوں سمیت بارلا، سیوریج نالوں اور مختلف دیہات میں آلائشوں کے ڈھیر موجود ہیں، جو ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گئے ہیں۔چک نمبر 67 ج ب سدھار، 66 ج ب دھاندرہ اور ایئرپورٹ چوک کے اطراف میں بھی آلائشوں اور کچرے کے ڈھیر شہریوں کیلئے وبالِ جان بنے ہوئے ہیں۔ مقامی افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ صفائی عملہ بروقت آلائشیں ٹھکانے لگانے میں ناکام رہا جبکہ متعلقہ افسران صرف نمائشی سرگرمیوں تک محدود رہے ۔شہری حلقوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ تعفن، بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی کے خطرات سے شہریوں کو محفوظ بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں