قربانی کا اصل مقصد نفس کی قربانی ہے :جمعیت اہلحدیث
کوئی بھی امت یا جماعت قربانی کے بغیر اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتی
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی، قاری محمد ارشد اور خالد محمود اعظم آبادی نے عیدالاضحیٰ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کا مقصد صرف جانوروں کا خون بہانا نہیں بلکہ اپنی نفسانی خواہشات اور انا کی قربانی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قربانی کی تاریخ انسانیت کی تاریخ کے ساتھ جڑی ہوئی ہے اور کوئی بھی امت یا جماعت قربانی کے بغیر اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتی۔ قربانی اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ، جبکہ انبیاکرام علیہم السلام اور ان کے اصحاب نے دین کی خاطر بے شمار قربانیاں پیش کیں۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان بھی لاکھوں قربانیوں کے بعد معرضِ وجود میں آیا اور آج افواجِ پاکستان اپنی قربانیوں سے ملکی بقا، سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنا رہی ہیں۔علامہ عبدالرشید حجازی نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں اتحاد و اتفاق کی دولت سے مالا مال ہو کر تمام اختلافات کو پسِ پشت ڈالنا ہوگا۔ دہشتگردی، انتہا پسندی اور فرقہ وارانہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر قومی بیانیے پر عمل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔