قربانی کی اصل روح تقویٰ ،اتحاد وقت کی ضرورت :علا مہ ریاض
ملک میں فساد فی الارض پھیلانا احکاماتِ ربانی سے بغاوت کے مترادف
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی اطاعتِ ربانی اور سیدنا اسماعیل علیہ السلام کے آدابِ فرزندی کے لازوال نقوش رہتی دنیا تک مشعلِ راہ اور قربِ الٰہی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز عالم دین علامہ محمد ریاض کھرل نے مسلم ہائی سکول طارق آباد کے گراؤنڈ میں نماز عیدالاضحیٰ کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ قربانی کی اصل روح تقویٰ ہے ، اور اہلِ تقویٰ کے کردار تا قیامت روشنی بکھیرتے رہیں گے ۔ نیکی و بدی اور حق و باطل میں تمیز کردار کا امتحان ہے ، جبکہ اہلِ اسلام کی اجتماعی کمزوری دین سے دوری کا نتیجہ ہے ۔علامہ ریاض کھرل نے کہا کہ درپیش مشکلات کا حل اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے۔
ملک میں فساد فی الارض پھیلانا احکاماتِ ربانی سے بغاوت کے مترادف ہے ، جبکہ بھائی چارہ، امن اور رواداری کا فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر بنا تھا اور ان شاء اللہ تا قیامت قائم رہے گا۔ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ دشمن کے مذموم عزائم کو قومی اتحاد کے ذریعے ناکام بنائیں گے اور شہداء کی قربانیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، فلسطین و کشمیر کی آزادی اور امت مسلمہ کے شہداء و مرحومین کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی، جس پر حاضرین کی آنکھیں اشکبار ہوگئیں۔