سلمان اکرم کی جنید افضل ساہی کی عیادت، حکومت پر تنقید
اپوزیشن بجٹ سیشن میں بھرپور کردار ادا کریگی،عوامی مسائل اجاگر کرنے کا اعلان
پینسرہ(نمائندہ دنیا)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے فیصل آباد آمد کے دوران جنید افضل ساہی کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر ایم این اے ڈاکٹر نثار احمد، علی سرفراز، دیگر اراکین اسمبلی، ضلعی صدر اور سیکرٹری سمیت پارٹی رہنما و کارکنان بھی موجود تھے ۔سلمان اکرم راجہ نے اس موقع پر پارٹی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی ناقص کارکردگی، کرپشن اور بے ضابطگیوں کو عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بجٹ سیشن میں بھرپور کردار ادا کرے گی اور عوامی مسائل ہر فورم پر اجاگر کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عوام مہنگائی، غربت اور لاقانونیت سے شدید متاثر ہیں جبکہ ادارے بھی کمزور ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں ہزاروں سیاسی کارکنان قید ہیں اور ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے ۔سلیمان اکرم راجہ نے پارٹی کارکنان کو متحد رہنے اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کی ہدایت کی۔