واسا کی مؤثر کارکردگی، نکاسی آب کی بلا تعطل سہولیات جاری
منیجنگ ڈائریکٹر ثاقب رضا نے نکاسی آب سے متعلق شکایات کی مانیٹرنگ کی
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران واسا فیصل آباد نے سیوریج، واٹر سپلائی، ڈسپوزل اسٹیشنز اور دیگر آپریشنل ڈویژنز میں اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دیں جبکہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بلا تعطل سہولیات جاری رہیں۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد ثاقب رضا نے عید کے دوسرے اور تیسرے روز بھی نکاسی آب سے متعلق شکایات کی خصوصی مانیٹرنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی شکایات کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا گیا اور بروقت کارروائی پر متعلقہ عملے کو شاباش بھی دی گئی۔ایم ڈی واسا نے سٹاف کو ہدایت کی کہ شکایات کے فوری ازالے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
جبکہ کمپلینٹ سیل، ڈسپوزل اسٹیشنز اور عملے کی حاضری کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ عید کے موقع پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں سیوریج سسٹم میں نہ ڈالیں تاکہ نکاسی آب کا نظام متاثر نہ ہو۔ شہری کسی بھی مسئلے کی صورت میں ہیلپ لائن 1334 پر فوری اطلاع دیں۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بلا تعطل سہولت فراہم کرنا واسا فیصل آباد کی اولین ترجیح ہے ۔