عیدالاضحی صفائی آپریشن کامیاب، ڈپٹی کمشنرچنیوٹ متحرک رہیں
ڈسپوزل پوائنٹس، آلائشوں کی منتقلی کے انتظامات، ویسٹ کلیکشن کا جائزہ لیا
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان عیدالاضحی کے تینوں روز متحرک رہیں اور مختلف علاقوں میں جاری صفائی آپریشن کا جائزہ لیتی رہیں۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف مقامات پر قائم ڈسپوزل پوائنٹس، آلائشوں کی منتقلی کے انتظامات، صفائی ستھرائی، ویسٹ کلیکشن اور سینیٹری صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران کو صفائی آپریشن مزید تیز اور مؤثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے عید کے تینوں روز ستھرا پنجاب ورکرز میں مٹھائی تقسیم کی اور صفائی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے کہا کہ صفائی ورکرز نے عید کے دنوں میں شہریوں کو بہتر ماحول کی فراہمی کیلئے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے فیلڈ میں موجود عملے سے ملاقات کی اور صفائی آپریشن بروقت مکمل کرنے کی تاکید بھی کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ایم ڈی ستھرا پنجاب واثق عباس ہرل کے ہمراہ عید کے تینوں دن ضلعی کنٹرول روم کا دورہ کیا، متعلقہ محکموں کے سٹاف کی حاضری، سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ایم ڈی ستھرا پنجاب واثق عباس ہرل کے ہمراہ مندر روڈ، کچہری روڈ، جھنگ روڈ اور سرگودھا روڈ کا بھی دورہ کیا جہاں قربانی کے بعد روڈ واشنگ اور صفائی کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔