جھنگ میں عید صفائی آپریشن جاری، سڑکوں کی دھلائی
بازاروں اور عوامی مقامات کو فینائل اور عرقِ گلاب کے ساتھ دھویا گیا
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جھنگ میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر مؤثر اور عملی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ اس سلسلے میں عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز بھی ضلع بھر میں صفائی آپریشن بھرپور انداز میں جاری رہا۔ستھرا پنجاب ایجنسی جھنگ کی جانب سے شہر کی اہم شاہراہوں، بازاروں اور عوامی مقامات کو فینائل اور عرقِ گلاب کے ساتھ دھویا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو صاف، خوشگوار اور جراثیم سے پاک ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ صفائی عملے کی جانب سے آلائشوں کی بروقت تلفی، چونے کا چھڑکاؤ اور واشنگ کا عمل مسلسل جاری ہے جبکہ خصوصی مشینری کے ذریعے سڑکوں کی دھلائی بھی کی جا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں ستھرا پنجاب ایجنسی جھنگ کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ عیدالاضحیٰ کے پہلے دو روز میں ساڑھے چار ہزار ٹن سے زائد آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا گیا، جبکہ 6 ہزار سے زائد سٹاف اور 12 سو سے زائد مشینری فیلڈ میں خدمات انجام دے رہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے ضلعی کنٹرول روم سے جاری صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کی اور خود بھی فیلڈ میں جا کر صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔