عیدالاضحی پر قربانی کے دوران اناڑی قصابوں کی وجہ سے حادثات ، سینکڑوں شہری زخمی

عیدالاضحی پر قربانی کے دوران اناڑی قصابوں کی وجہ سے حادثات ، سینکڑوں شہری زخمی

مختلف علاقوں میں قربانی کے جانور رسیاں تڑوا کر بھاگ نکلے ،مختلف علاقوں میں قربانی کے جانور رسیاں تڑوا کر بھاگ نکلے ، شہریوں نے بھاگ کر جانیں بچائیں ،کئی اناڑی گوشت بناتے ہوئے زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گئے

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)عید کے تینوں روز ڈویژن بھر میں قربانی کے دوران اناڑی قصابوں، غیر تربیت یافتہ افراد اور بے قابو جانوروں کے باعث متعدد حادثات پیش آئے جن میں سینکڑوں شہری زخمی ہو گئے ۔مختلف علاقوں میں قربانی کے جانور رسیاں تڑوا کر بھاگ نکلے جبکہ کئی مقامات پر بپھرے ہوئے بیل اور بچھڑوں نے شہریوں پر حملے بھی کیے ۔ہسپتالوں سے حاصل معلومات کے مطابق تین دنوں کے دوران تقریباً چار سو افراد کو زخمی حالت میں طبی امداد کیلئے منتقل کیا گیا۔ذرائع کے مطابق زیادہ تر واقعات اس وقت پیش آئے جب غیر تربیت یافتہ افراد بڑے جانور ذبح کرنے یا گوشت کاٹنے میں مصروف تھے ۔ متعدد افراد کے ہاتھوں کی انگلیاں کٹ گئیں ، کئی شہری گہرے زخموں کے باعث ہسپتال منتقل کیے گئے۔

فیصل آباد، جڑانوالہ، سمندری، تاندلیانوالہ اور چک جھمرہ کے مختلف علاقوں میں جانور بے قابو ہو کر گلیوں اور بازاروں میں دوڑتے رہے ، شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بعض مقامات پر شہریوں کو جان بچانے کیلئے بھاگنا پڑا ۔ریسکیو 1122 کی ٹیمیں عید کے تینوں روز ہائی الرٹ رہیں اور حادثات میں زخمی افراد کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرتی رہیں۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے باعث اضافی ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف بھی موجود رہا۔شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے آئندہ عیدالاضحیٰ پر انتظامیہ غیر تربیت یافتہ قصابوں کیخلاف اقدامات کرے اور حفاظتی اصولوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ انسانی جانوں کو محفوظ رکھا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں