ون وے روڈ منصوبہ، ضروری کٹس فراہم کئے جائیں:شہری
7روڈ کٹس ختم کرنے سے شہریوں کو منزل تک پہنچنے کیلئے لمباسفر کرنا پڑے گا
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ون وے روڈ منصوبے میں پرانے روڈ کٹس اور یوٹرنز ختم کرنے پر شہریوں نے تحفظات کااظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انتہائی ضروری روڈ کٹس فراہم کئے جائیں ۔ موٹر وے ایم فور ٹوبہ انٹرچینج سے موٹر وے ایم تھری رجانہ انٹرچینج تک جاری ون وے روڈ منصوبے کے تحت اندرون شہر پہلے سے موجود سڑک کی ازسرنو تعمیر جاری ہے تاہم روڈ کٹس اور یوٹرنز ختم کیے جانے پر شہریوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ جھنگ روڈ گورنمنٹ کالج خواتین سے رجانہ روڈ نئی سبزی منڈی تک ون وے روڈ 2011 میں تعمیر کی گئی تھی اور 15 سال سے استعمال ہو رہی ہے ، اس روڈ پر 10 روڈ کٹس تھے تاہم نئے منصوبے میں صرف ضلع کونسل گیٹ، ضلع کچہری گیٹ اور جنرل بس سٹینڈ داخلی گیٹ کے سامنے 3 روڈ کٹس رکھ کر 7روڈ کٹس ختم کردیئے گئے ہیں، جس سے شہر کی آبادی عملاً دو حصوں میں تقسیم ہو جائیگی اور شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے کیلئے لمبا سفر کرنا پڑے گا، کاروباری مراکز، تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر اور رہائشی آبادیوں تک رسائی متاثر ہوگی اوربزرگ شہریوں، خواتین، طلبہ اور مریضوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جنرل بس سٹینڈ کے رجانہ روڈ کی جانب خارجی گیٹ، ڈاکٹر نصیر روڈ اور مرکزی امام بارگاہ روڈ کے قریب یوٹرنز اور روڈ کٹس بحال کئے جائیں ۔