عمر فاروق کا قتل،20 روزبعد بھی ملزم گرفتارنہ ہوسکے
شفاف تحقیقات کر کے ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے :اہلخانہ
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا)عمر فاروق قتل کیس کو 20 روز گزر جانے کے باوجود ملزموں کا سراغ نہ لگایا جا سکاجس پر مقتول کے اہل خانہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس موقع پر مدعی مقدمہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور تفتیشی وسائل کی موجودگی کے باوجود پولیس تاحال ملزموں تک پہنچنے میں ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا انصاف میں تاخیر کی وجہ صرف انکی غربت ہے ؟پریس کانفرنس میں مقتول کی والدہ نے کہا کہ عمر فاروق نیک سیرت نوجوان تھا جو عالم دین بننے کی خواہش رکھتا تھا، اسکے قتل نے پورے خاندان کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے ۔ انکے شوہر بیٹے کی جدائی پرشدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں جبکہ خاندان کے دیگر افراد بھی شدید کرب میں مبتلا ہیں۔اہلخانہ نے حکومت پنجاب اور اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ قتل کیس کی فوری اور شفاف تحقیقات کر کے ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ پریس کانفرنس کے دوران مقتول کے اہلخانہ زار و قطار روتے ہوئے انصاف کی فراہمی کیلئے دہائیاں دیتے رہے ۔