کنٹرولر بورڈ کا ہائی سکول جڑانوالہ میں مارکنگ سنٹر کا دورہ
امتحانی پرچوں کی جانچ کاجائزہ ، مارکنگ عمل شفاف یقینی بنانے کی ہدایت
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )کنٹرولر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد رانا عتیق الرحمان نے گورنمنٹ ہائی سکول جڑانوالہ میں قائم مارکنگ سنٹر کا دورہ کیا۔ امتحانی پرچوں کی جانچ کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس امر کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ مارکنگ کا عمل مکمل طور پر منصفانہ، شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر ہو۔کنٹرولر نے ڈیوٹی پر موجود اساتذہ اور عملے کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کے احساس کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے مستقبل کا انحصار درست اور دیانتدارانہ جانچ پر ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔رانا عتیق الرحمن نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں تاکہ امتحانی نظام پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو سکے ۔