مصطفی رمدے کی کھلی کچہری ،عوام کے مسائل سنے
مسائل کا حل اولین ترجیح ،حلقہ کی تعمیر و ترقی کیلئے اقدامات جاری رکھیں گے :گفتگو
کمالیہ(نمائندہ خصوصی )سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور ممبر پاکستان کرکٹ بورڈ مصطفیٰ رمدے نے اپنی رہائش گاہ ججاں والا میں حلقہ کے عوام کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری و ترجیحی حل کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر لوگوں نے بجلی، سوئی گیس، سیوریج، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، صحت، تعلیم اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔مصطفیٰ رمدے نے شہریوں سے گفتگو کرتے کہا کہ عوامی مسائل کا حل انکی اولین ترجیح ہے اور وہ حلقہ کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے مسائل کے جلد حل کے لیے عملی اقدامات کی یقین دہانی بھی کروائی۔ ان کا کہنا تھا کہ حلقہ کے عوام کی محبت اور اعتماد ان کا قیمتی سرمایہ ہے اور وہ ہمیشہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت کام کرتے رہیں گے ۔کھلی کچہری کے بعد عید ملن کا بھی اہتمام کیا گیا جہاں مصطفیٰ رمدے نے شہریوں، کارکنان اور معززین علاقہ سے عید ملے ۔