کامیاب صفائی آپریشن پر ورکرز کیساتھ اظہارِ یکجہتی ریلی
میونسپل کمیٹی ٹو بہ ٹیک سنگھ میں صفائی ورکرز اور عملہ میں مٹھائی تقسیم
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )عیدالاضحیٰ کے موقع پر کامیاب صفائی آپریشن کی تکمیل پر ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کی قیادت میں ستھرا پنجاب ورکرز کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔ضلعی انتظامیہ، لوکل گورنمنٹ، میونسپل کمیٹی، ستھرا پنجاب پروگرام کے افسروں ، ورکرز اور دیگر اہلکاروں نے شرکت کی۔ریلی کے اختتام پر میونسپل کمیٹی میں صفائی ورکرز اور عملہ میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے صفائی آپریشن میں حصہ لینے والے ورکرز کی خدمات کو سراہتے کہا کہ شدید گرمی اور مصروف ترین ایام کے باوجود صفائی عملے نے غیر معمولی محنت، لگن اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، جسکی بدولت ضلع بھر میں مثالی صفائی انتظامات ممکن ہوئے ،عید صفائی آپریشن کے دوران ضلع بھر میں6768 ٹن ویسٹ اور آلائشوں کو بروقت اٹھا کر محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا، عید سے ایک روز قبل خصوصی صفائی مہم میں 1056 ٹن ویسٹ اٹھایا گیا جبکہ عید کے پہلے روز 2296 ٹن، دوسرے روز 2016 ٹن اور تیسرے روز 1400 ٹن ویسٹ اور آلائشوں کو تلف کیا گیا،شہریوں کی سہولت کیلئے ضلع بھر کی یونین کونسلز میں 111 خصوصی کیمپ قائم کئے گئے جبکہ ویسٹ کی منتقلی اور تلفی کیلئے 77 ڈمپنگ سائٹس فعال رکھی گئیں، عیدپر ضلع بھر کے 488 قبرستانوں اور 20 پارکس میں خصوصی صفائی مہم چلائی گئی ، عید گاہوں، مرکزی شاہراہوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر بھی صفائی کے مثالی انتظامات برقرار رکھے گئے ۔