کمشنر کا بھوانہ ہسپتال کا دورہ، ناقص صفائی پر سرزنش

کمشنر کا بھوانہ ہسپتال کا دورہ، ناقص صفائی پر سرزنش

برآمدوں و دیگر حصوں کی مستقل واشنگ، گرمی پر وارڈز میں فوری اے سی لگوانے کا حکم ، بائی پاس چوک ،سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا بھی دورہ

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد ڈویژن مسرت جبیں نے سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا دورہ کیا اور شہر بھر میں نصب جدید سی سی ٹی وی کیمروں، مانیٹرنگ سسٹم اور ریسپانس میکنزم کا جائزہ لیا۔انہوں نے عید الاضحی کے ایام میں سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے صفائی کے حوالے سے مانیٹرنگ اور بروقت الائشوں کی نشاندہی کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ نشاندہی کی بدولت فوری ردعمل کے ذریعے صفائی یقینی بنائی گئی۔کمشنر نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کی پوری ٹیم کو شاباش دی۔ کمشنر کو سیف سٹی کے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام، کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر اور مانیٹرنگ سسٹم پربریفنگ بھی دی گئی۔انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ،اسکے آپریشنل ہونے سے سنگین جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے ۔کمشنر مسرت جبیں نے تحصیل بھوانہ کا بھی دورہ کیا اورجھنگ روڈ بائی پاس چوک میں دیہی ثقافت اجاگر کرنے والے دیدہ زیب ماڈلز دیکھے۔

ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے علاقائی خوبصورتی کے اقدامات پر بریفنگ دی۔کمشنر نے ماڈلز کے اردگرد پلانٹیشن اور گرین بیلٹ میں گھاس لگانے کی ہدایت کرتے کہا کہ تحصیل کے داخلی راستے پرنصب خوبصورت ماڈلز سے اچھا تاثر ابھرتاہے ۔ ماڈلزکی حفاظت کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں اور اردگرد آہنی جنگلے لگائیں۔کمشنر مسرت جبیں نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بھوانہ کا بھی دورہ کیا اورہسپتال کے وارڈز میں ناقص صفائی انتظامات پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی سرزنش کرتے ہوئے وارڈز،برآمدوں و دیگر حصوں کی واشنگ کا حکم دیا اور کہا کہ فینائل سے واشنگ مستقل بنیادوں پر ہونی چاہیے ۔ انہوں نے گرم موسم کے باعث وارڈز میں فوری ایئرکنڈیشنڈ لگوانے کی بھی ہدایت کی ، مریضوں سے عیادت پر ادویات ملنے بارے دریافت کیا۔کمشنر نے کہا ہسپتال میں درکار وسائل کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان، اسسٹنٹ کمشنر بھوانہ شینہ اعظم،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر اور دیگر افسر بھی موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں